سکھر : میں یوم دفاع چھ ستمبر قومی جذبے کیساتھ منانے کے حوالے سے تقریبات، ریلیوں و سیمینار کا انعقاد کیا گیا اس سلسلے میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام بندر روڈ پر ریلی نکالی اور پاک افواج زندہ باد، پاکستان زندہ باد ، کشمیر بنے گا پاکستان کی فلگ شگاف نعرے بازی کرتے ہوئے قومی پرچم لہرائے گئے شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں شہداء افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بینرز سمیت قومی و کشمیری پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کی قیادت جناح ویلفیئر کے اصلاح الدین شیخ کررہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میںحبیب قریشی ،وقار الدین شیخ،ندیم راجپوت ،ابراہیم قریشی سمیت معززین شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں نے 6 ستمبر (یوم دفاع) کے موقع پر افواج پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 1965ء کی جنگ کو یاد رکھے، یہ قوم سرفروشوں کی قوم ہے جن کے جوش و جذبے کے سامنے گولہ بارود کچھ نہیں، بھارت اپنا قبلہ درست کرے اور کوئی ایسی غلطی کرنے کی جرات نہ کرے کہ اس کا نام ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔ پاکستان کی سرزمین پر جب بھی کسی دشمن نے حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو پاکستان کی بہادر افواج سمیت سندھ کے عوام نے بھی بندوق اٹھا کر اپنے وطن کے چپے چپے کا دفاع کیا۔ آج پوری قوم متحد ہو کر اپنے شہداء 6 ستمبر کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔