اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہفتے کے روز قومی اسمبلی کے سپیکر اور وفاقی وزرا کے ہمراہ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ایک اہم ملاقات کی ہے جس میں پارلیمنٹ کا اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں یہ ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل قرار دی جا رہی ہے جس میں اہم قومی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اسحاق ڈار کے ہمراہ اس ملاقات میں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق ، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی طرف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ سینیٹر شیری رحمان اور قومی اسمبلی کے رکن نوید قمر نے اس اہم مشاورتی بیٹھک میں شرکت کی اور حکومتی وفد کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے آنے والے پارلیمانی ایجنڈے پر غور کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک میں جمہوری عمل کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تمام اہم قومی فیصلوں میں اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مشاورت کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ پارلیمانی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے سامنے ایک اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے اپوزیشن لیڈر مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ روا رکھے گئے مبینہ نامناسب سلوک کا سختی سے نوٹس لینے کی درخواست کی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے اور اس قسم کے ہتھکنڈے جمہوری روایات کے منافی ہیں جن کا فوری طور پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔
ملاقات کے آخر میں دونوں طرف کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش معاشی اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہجولرز کو مل کر لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔ حکومتی وفد اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کو سیاسی حلقوں میں ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔