نئی دہلی: سنجے کپور کے اثاثے کے تنازع کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے جاری تلخ خاندانی تنازع میں مصالحتی عمل کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب فریقین کے درمیان طویل مذاکرات کے باوجود کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ طے نہیں پا سکا۔ یہ مقدمہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور نامور کاروباری شخصیت کی کروڑوں روپے کی جائیداد اور وراثت سے متعلق ہے۔
یاد رہے کہ برطانوی نژاد انڈین کاروباری شخصیت اور معروف پولو کھلاڑی سنجے کپور گذشتہ برس برطانیہ میں پولو کھیلتے ہوئے مبینہ طور پر شہد کی مکھی نگلنے کے بعد ناگہانی طور پر جاں بحق ہو گئے تھے۔ ان کی اچانک موت کے بعد ان کے اربوں روپے کے اثاثوں اور کاروبار پر خاندانی تنازعات شدت اختیار کر گئے تھے ، جن کو سلجھانے کے لیے عدالت نے ثالثی کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی تھی۔
بھارتی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں اس اہم معاملے پر لگاتار پندرہ نشستیں منعقد کی گئیں ، جن میں دونوں فریقین کو باہمی رضامندی پر لانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔ تاہم طویل بحث اور کئی دور کی بیٹھکوں کے باوجود خاندان کے افراد کسی بھی قابلِ قبول حل پر متفق ہونے میں ناکام رہے ، جس کے بعد عدالت نے مصالحتی کوششوں کو ناکام قرار دے دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ قانونی ضابطوں کے تحت کسی بھی فریق کو زبردستی سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد اب اس ہائی پروفائل وراثت کے مقدمے کی باقاعدہ قانونی جنگ کا نیا آغاز ہو گا ، اور عدالت تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد حتمی فیصلہ صادر کرے گی۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ مقدمہ طویل اور پیچیدہ ہو سکتا ہے۔
سنجے کپور کی اچانک وفات کے بعد سے ان کے کاروباری املاک اور جائیدادوں کی تقسیم کے حوالے سے مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں۔ اس حالیہ عدالتی پیش رفت کے بعد دنیا بھر کی میڈیا کی توجہ اس خاندانی تنازع پر مرکوز ہو چکی ہے ، کیونکہ اس کیس میں اربوں روپے کے اثاثے داؤ پر لگے ہوئے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔