سندیپ مہیشوری

سندیپ مہیشوری نے یوٹیوب سے طویل وقفہ لینے کی حیران کن وجہ بتا دی

نئی دہلی: بھارتی معروف موٹیویشنل اسپیکر اور یوٹیوبر سندیپ مہیشوری نے سوشل میڈیا کی دنیا میں ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے یوٹیوب سے چودہ سال بعد طویل وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس نے ان کے لاکھوں مداحوں کو سوچ میں ڈال دیا ہے۔

سندیپ مہیشوری نے اپنے ایک حالیہ ویڈیو پیغام میں اس بات کا کھل کر اظہار کیا کہ وہ اتنے طویل عرصے سے مسلسل ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر متحرک رہے ہیں اور اب وہ اپنی ذاتی زندگی اور ذہنی سکون کے لیے کچھ وقت چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر نئی ویڈیوز بنانا ، لاکھوں لوگوں کے مسائل حل کرنا اور مسلسل تنقید یا تعریف کے دباؤ میں رہنا بعض اوقات انسان کو ذہنی طور پر تھکا دیتا ہے ، اس لیے یہ بریک ان کی ذہنی صحت کے لیے انتہائی ضروری تھا۔

مداحوں کی جانب سے اس اعلان کے بعد ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے ، جہاں ایک طرف لوگ ان کے اس فیصلے پر افسردہ ہیں تو دوسری طرف ان کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین بھی پیش کر رہے ہیں۔

سندیپ مہیشوری نے اپنے پیغام میں یہ بھی واضح کیا کہ یہ وقفہ مستقل نہیں ہے بلکہ وہ خود کو تازہ دم کرنے کے بعد ایکنئی توانائی کے ساتھ اپنے چاہنے والوں کے سامنے دوبارہ حاضر ہوں گے۔

یاد رہے کہ سندیپ مہیشوری دنیا بھر کے کروڑوں نوجوانوں کے لیے ایک مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتے ہیں جو بغیر کسی مانیٹائزیشن یا اشتہارات کے نوجوانوں کو مثبت سوچ اور کامیابی کے گر سکھاتے ہیں۔

ان کے اس اچانک فیصلے نے ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے کہ آیا بڑے تخلیق کاروں کو بھی اپنی ذہنی صحت کے لیے وقفہ لینا چاہیے یا نہیں۔