جرمن ایئرلائن یو ایس سی

جرمن ایئرلائن یو ایس سی کی پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کی تیاری

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے جرمن ایئرلائن یو ایس سی کو پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس اہم فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کو فروغ ملے گا اور مسافروں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

سی اے اے نے جرمن کمپنی یو ایس سی جی ایم بی ایچ کی نامزدگی کو باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اس منظوری کے ساتھ ہی پاکستان اور جرمنی کے درمیان ہوائی آپریشن کے آغاز میں حائل ایک انتہائی اہم ریگولیٹری مرحلہ کامیابی کے ساتھ طے پا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ غیر ملکی ایئرلائن نے اپنے ابتدائی منصوبے کے تحت پاکستان کے دو بڑے شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف کاروباری شخصیات بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی یورپ کا سفر انتہائی آسان ہو جائے گا۔

پاکستان میں حالیہ دنوں کے دوران بین الاقوامی ایئرلائنز کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس پس منظر میں جرمن ایئرلائن یو ایس سی کا پاکستان آنے کا فیصلہ ملک میں بہتر ہوتی ہوئی فضائی مارکیٹ اور سازگار ماحول کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ حکام کے مطابق اس فضائی رابطے سے دوطرفہ تجارت، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کے آغاز سے تارکین وطن کو بھی اپنے آبائی وطن آنے جانے میں بڑی سہولت حاصل ہو گی۔

آئندہ آنے والے دنوں میں فلائٹ شیڈول اور دیگر تککیی امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل ہونے کے بعد یہ پروازیں بہت جلد باضابطہ طور پر اپنے سفر کا آغاز کر دیں گی، جو پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے۔