قیمتی پتھروں کی کان کنی

قیمتی پتھروں کی کان کنی اور برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ ملک میں قدرتی وسائل کا وسیع ذخیرہ موجود ہے لیکن ان سے تاححال بھرپور اور مؤثر انداز میں استفادہ نہیں کیا گیا۔ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ملکی معدنیات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھال کر قومی برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے اس شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی سطح پر قیمتی پتھروں کی کٹنگ اور پولشنگ کے عمل کو بہتر بنایا جائے تاکہ خام مال کی بجائے تیار شدہ مصنوعات برآمد کی جا سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف کثیر زر مبادلہ حاصل ہوگا بلکہ نوجوان نسل کے لیے روزگار کے نئے اور شاندار مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ حکومت ملک کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقوں اور بلوچستان میں قیمتی اور نایاب پتھروں کے وسیع ذخائر پائے جاتے ہیں جنہیں بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دے کر اربوں ڈالر کا کمایا جا سکتا ہے۔ ماضی میں اس شعبے کو وہ توجہ نہیں ملی جو اس کی اصل استعداد کا تقاضا کرتی تھی مگر موجودہ حکومت نے اس اہم شعبے کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے۔ معدنیات کی برآمدات سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی اور معاشی استحکام کی طرف سفر مزید تیز ہوگا۔

حکومتی سطح پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ کان کنی کے روایتی طریقوں کو ترک کر کے جدید سائنسی اصولوں کو اپنایا جائے گا۔ اس سے نہ صرف کان کنوں کی حفاظت یقینی بنے گی بلکہ پیداوار کے معیار میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو اس حوالے سے جامع اور مؤثر حکمت عملی پر فوری عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ طے شدہ اہداف کو مقررہ وقت کے اندر حاصل کیا جا سکے۔