اسلام آباد: ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایک انتہائی اہم اور تاریخی فیصلے میں معروف امریکی کمپنی اسپیس ایکس سیٹلائٹس کے بڑے منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے ۔ اس منصوبے کے تحت خلا میں لاکھوں نئے سیٹلائٹس تعینات کیے جائیں گے جو دنیا بھر میں مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ کی فراہمی میں انقلابی تبدیلیاں لے کر آئیں گے ۔ دنیا بھر کے ماہرین اس اقدام کو خلائی ٹیکنالوجی کی تاریخ کا ایک اور بڑا سنگ میل قرار دے رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق معروف ٹیکنالوجی شخصیت ایلون مسک کی زیر قیادت کام کرنے والی کمپنی اسپیس ایکس کو یہ اجازت امریکی حکومتی اداروں کی جانب سے سخت جانچ پڑتال اور پالیسی جائزوں کے بعد دی گئی ہے ۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد دنیا کے دور دراز علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ترین ڈیجیٹل سروسز کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ اس مقصد کے لیے خلا میں مجموعی طور پر دس لاکھ سے زائد نئے سیٹلائٹس کے جال بچھائے جائیں گے ۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بڑے فیصلے سے نہ صرف عالمی ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کو وسعت ملے گی بلکہ سائنسی تحقیق اور خلائی مشاہدات کے لیے بھی نئے راستے کھلیں گے ۔ ٹرمپ انتظامیہ کا یہ اقدام ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکہ کی برتری کو مزید مستحکم کرنے کی ایک بڑی کوشش سمجھا جا رہا ہے ۔ ناقدین اور حامی دونوں ہی اس منصوبے کے تکنیکی اور معاشی اثرات کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سیٹلائٹس کی خلا میں موجودگی سے زمین کے گرد مدار میں ٹریفک کا انتظام ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے ۔ تاہم اسپیس ایکس کے انجینئرز کا مؤقف ہے کہ وہ خلا میں سلامتی کے بین الاقوامی اصولوں کی مکمل پاسداری کریں گے اور مدار کو محفوظ رکھنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے تصادم سے بچا جا سکے ۔
اسپیس ایکس کے اس منصوبے پر کام آنے والے دنوں میں مزید تیزی سے شروع کیے جانے کی توقع ہے ۔ دنیا بھر کے سائنسیح حلقوں اور سرمایہ کاروں کی نظریں اس ٹیکنالوجی پر مرکوز ہیں جو آنے والے برسوں میں انسانی زندگی اور مواصلات کے پورے نظام کو یکسر بدل کر رکھ دے گی ۔ پاکستانی ماہرین بھی اس پیش رفت کو خلائی ٹیکنالوجی کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ۔