حکومت پاکستان

حکومت پاکستان کے لیے علی بابا کا سپر ایپ بنانے کا فیصلہ، بڑی خبر

اسلام آباد: حکومت پاکستان اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کے درمیان ایک اہم اور تاریخی معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت ملک بھر میں سرکاری خدمات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے کے لیے ایک جدید سپر ایپ تیار کی جا رہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی اقدام کا بنیادی مقصد عوام کو تمام عوامی سہولیات ایک ہی کلک پر فراہم کرنا ہے تاکہ سرکاری محکموں میں کرپشن کا خاتمہ اور کام کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور عام شہریوں کا قیمتی وقت بھی بچایا جا سکے۔

اس حوالے سے ہونے والی ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی جس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو اسٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک کے تحت جاری ترقیاتی کاموں اور ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ علی بابا کے ساتھ مل کر اس سپر ایپ کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اس پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سپر ایپ کے ذریعے شہریوں کو پاسپورٹ، نادرا، گیس، بجلی اور دیگر تمام بنیادی سہولیات کے حصول میں ناقابل یقین حد تک آسانی ہوگی۔ حکومت پاکستان اس پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ ملک کے اندر ٹیکنالوجی کے انقلاب کو تیز کیا جا سکے اور عام آدمی کی زندگی کو مزید آسان بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اس جدید ترین سپر ایپ میں سکیورٹی کے جدید ترین فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کا ذاتی ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہ سکے۔ یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز کے لیے دستیاب ہوگی اور اس میں اردو اور انگریزی سمیت مقامی زبانوں کی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ ملک کے ممتاز آئی جی ماہرین اور کاروباری شخصیات نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیا ہے۔