90

توہین عدالت لگتی ہے تو کوئی بات نہیں،مراد علی شاہ

وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ توہین عدالت لگتی ہے تو کوئی بات نہیں تفصیلات کے مطابق گجر اور اورنگی نالہ عملدرآمد کیس میں پیشی کیلئے وزیراعلٰی سندھ مراد علی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچے اور میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ عدالت میں رپورٹ جمع نہ کرانے کا اعتراف کرتا ہوں اور عدالت سے معذرت کریں گے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے جو عملدرآمد کر سکتے تھے کر لیے انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے مقابلے میں کیس میں زیادہ عملدرآمد کیا،توہین لگانی ہے تو اس وقت کی وفاقی حکومت پر لگائی جائے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت کی وفاقی حکومت نے 36 ارب دینے کا وعدہ کیا جو بعد میں مکر گئے،وفاقی حکومت نے گھر بنا کر دینے کا وعدہ کیا تھا یاد رہے کہ گجر نالہ عملدرآمد کیس میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کی درخواست پر آج نوٹس جاری کر رکھا ہے گزشتہ روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر نالہ سمیت دیگر نالہ متاثرین کو معاوضے کی عدم ادائیگی سے متعلق وزیراعلٰی سندھ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی،وکیل درخواست گزار فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ عدالت نے متاثرین کی بحالی کا حکم دیا جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اتنی تاخیر سے توہین عدالت کی درخواست کیوں دائر کی گئی وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ تقریباََ دو سال کی تاخیر سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے،عدالت نے دو سال کی مہلت دی تھی اسی لیے تاخیر سے درخواست دائر کی۔ ابھی تک ایک بھی متاثرہ شخص کی بحالی کا کام نہیں ہوا۔ وکیل نے کہا کہ عدالت نے سندھ حکومت کو اس حوالے سے ماہانہ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں