اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گیس کے شعبے میں بڑی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت گیس کمپنیوں کی تقسیم کا حتمی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد گیس کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینا اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق ملک کی دو بڑی گیس یوٹیلیٹیز سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن کمپنی کو چھ سے آٹھ چھوٹی کمپنیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ مجوزہ اصلاحات کے بعد گیس کی ترسیل ، تقسیم اور فروخت کے امور کو ایک دوسرے سے الگ کر دیا جائے گا۔
اس اہم اقدام کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں سرکاری اجارہ داری کو ختم کرنا اور نجی شعبے کے لیے دروازے کھولنا ہے۔ نئی پالیسی کے نفاذ سے نجی کمپنیاں بھی گیس کے کاروبار میں حصہ لے سکیں گی جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تقسیم سے گیس کی ترسیل کے نظام میں بہتری آئے گی اور لائن لاسز پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے تمام ضروری قانونی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزارتِ توانائی کے حکام کا ماننا ہے کہ اس تبدیلی سے ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے میں نمایاں مدد ملے گی۔ نئی کمپنیوں کے قیام سے کارکردگی میں شفافیت آئے گی اور صارفین کو بروقت گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔