بی وائی ڈی اور لینڈ روور

بی وائی ڈی اور لینڈ روور قانونی جنگ میں بڑا فیصلہ آ گیا

اسلام آباد: بی وائی ڈی اور لینڈ روور کے درمیان جاری قانونی جنگ میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایک عدالت نے حکم دیا ہے کہ تمام حاصل کردہ مواد کو فوری طور پر تلف کیا جائے۔ عالمی آٹوموبائل مارکیٹ میں اس عدالتی فیصلے کو بڑی خبر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ دونوں بڑی کمپنیوں کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا اور یہ معاملہ اب عدالتی سطح پر حل طلب تھا۔

تفصیلات کے مطابق معروف برطانوی کار ساز ادارے لینڈ روور کی جانب سے چینی الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرر بی وائی ڈی کے دفاتر پر چھاپے کی کارروائی کی گئی تھی جس کے بعد دونوں فریقین عدالت میں آمنے سامنے آ گئے۔ یہ تنازعہ ایک ایسے ایس یو وی ماڈل کی وجہ سے پیدا ہوا تھا جس کی ڈیزائننگ کافی حد تک لینڈ روور ڈیفنڈر سے ملتی جلتی دکھائی دیتی ہے۔ اسی مشابہت کی بنیاد پر لینڈ روور نے سخت قانونی قدم اٹھاتے ہوئے بی وائی ڈی کے دفاتر سے اہم نوعیت کے دستاویزات اور ریکارڈز اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔

ڈچ عدالت نے اس پورے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے لینڈ روور کے خلاف سخت فیصلہ صادر کیا ہے اور کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ چھاپے کے دوران بی وائی ڈی کے دفاتر سے ملنے والے تمام کاغذات اور ڈیجیٹل ڈیٹا کو مکمل طور پر تلف کر دیں۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اگر اس حکم عدولی کی گئی تو ذمہ دار فریق کو فی گھنٹہ پچاس ہزار یورو جرمانہ ادا کرنا پڑے گا جو کہ زیادہ سے زیادہ پانچ لاکھ یورو تک پہنچ سکتا ہے۔ اس سخت عدالتی فیصلے سے بی وائی ڈی کو بڑی قانونی فتح حاصل ہوئی ہے اور کمپنی کے وکلاء نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

آٹو موبائل انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ دنیا بھر میں کاروں کے ڈیزائن کے حقوق اور کاپی رائٹ کے تنازعات پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔ دونوں کمپنیوں کے درمیان اس قانونی رسہ کشی کے باعث آنے والے دنوں میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں جبکہ برطانوی اور چینی برانڈز کے مابین مارکیٹ میں مقابلہ بھی مزید سخت ہوتا جا رہا ہے۔