مصنوعی ذہانت ماڈل

مصنوعی ذہانت ماڈل انکلنگ ٹو مینی متعارف ، انٹرنیٹ کے بغیر کام کرتا ہے

اسلام آباد: دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور انقلاب برپا کرتے ہوئے نیا مصنوعی ذہانت ماڈل متعارف کرا دیا گیا ہے جو بغیر انٹرنیٹ کے بھی بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس جدید ترین ماڈل کو معروف ماہرین کی ٹیم نے تیار کیا ہے جو ٹیک انڈسٹری میں اپنی منفرد نوعیت کی حامل ایجاد مانی جا رہی ہے۔

تھنکنگ مشینز لیب کی جانب سے پیش کیے گئے اس نئے ماڈل کا نام انکلنگ ٹو مینی رکھا گیا ہے جو سائز میں اتنا چھوٹا ہے کہ اسے کسی بھی عام لیپ ٹاپ یا میک بک پرو پر باآسانی چلایا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ماڈل کوڈنگ کے شعبے میں تمام پرانے ریکارڈ توڑ رہا ہے اور اس نے سو ارب پیرامیٹرز سے کم والے تمام اوپن ویٹس ماڈلز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ماڈل کی تیاری کا بنیادی مقصد ڈویلپرز اور پروگرامرز کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جو کم لاگت ہونے کے ساتھ ساتھ تیز رفتار بھی ہو۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اب انٹرنیٹ کی غیر موجودگی میں بھی پیچیدہ ترین کوڈنگ اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے امور سر انجام دیے جا سکیں گے۔

حالیہ تجربات کے دوران اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک مکمل طور پر فعال فلائٹ سمیلیٹر صرف ایک میک بک پرو پر آف لائن تیار کیا گیا جس نے شائقین اور ماہرین کو دنگ کر دیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کی رسائی عام صارف تک کتنی آسان اور سستی ہونے والی ہے۔

ٹیکنالوجی کے تجزیہ کاروں کے مطابق انکلنگ ٹو مینی کے مارکیٹ میں آنے سے مصنوعی ذہانت کی دنیا میں قیمتوں کی جنگ شروع ہو سکتی ہے کیونکہ یہ اب تک کا سب سے سستا ترین کوڈنگ لیڈر بورڈ ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے چھوٹے اور بڑے پیمانے پر سافٹ ویئر ہاؤسز کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔