ویڈیو گیمز میں بے وفائی

ویڈیو گیمز میں بے وفائی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے تعلقات کو خطرے میں ڈال دیا

اسلام آباد: ویڈیو گیمز میں بے وفائی کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جس نے ماہرینِ نفسیات اور جوڑوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن ملٹی پلیئرز گیمز کی دنیا نے جہاں تفریح کے نئے دروازے کھولے ہیں ، وہیں اس نے انسانی تعلقات میں کشیدگی کی نئی راہیں بھی استوار کی ہیں۔ ذرا تصور کریں کہ آپ کا شریکِ حیات گھنٹوں کسی اور کے ساتھ چھیڑ چھاڑ میں مصروف رہے ، اس کا ہاتھ تھامنے کی کوشش کرے اور اسے ڈیجیٹل دنیا میں ڈیٹ پر لے جائے ، یقیناً یہ پڑھنے کے بعد زیادہ تر لوگوں کے ذہن میں شدید سوالات پیدا ہوں گے۔

آج کے دور میں آن لائن گیمنگ صرف چند بٹن دبانے یا اسکرین پر کچھ ہندسے مارنے تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ ایک مکمل ورچوئل سوسائٹی کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ لوگ ورچوئل رئیلٹی اور تھری ڈی گیمز کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں ، گھنٹوں چیٹ کرتے ہیں اور اپنی حقیقی زندگی کے دکھ درد بانٹتے ہیں۔ یہ جذباتی قربت اکثر اس حد تک بڑھ جاتی ہے کہ حقیقی جیون ساتھی کو نظر انداز کیا جانے لگتا ہے اور گھر کا سکون غارت ہو جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں ہونے والی یہ غداری بظاہر جسمانی نہیں ہوتی لیکن اس کے اثرات کسی بھی روایتی دھوکے سے کم نہیں ہوتے۔ جب کوئی شخص اپنی ازدواجی زندگی یا پرانی محبت کو چھوڑ کر ورچوئل کرداروں یا اجنبی کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارتا ہے ، تو یہ تعلقات میں اعتماد کے فقدان کا سبب بنتا ہے۔ اس قسم کی سرگرمیاں نہ صرف گھریلو ناچاقی کا باعث بنتی ہیں بلکہ طلاق اور علیحدگی کے رحجانات میں بھی اضافہ کر رہی ہیں۔

ٹیکنالوجی کے اس دور میں یہ سمجھنا بہت ضروری ہو گیا ہے کہ ہم اپنا کتنا وقت کہاں صرف کر رہے ہیں۔ ورچوئل دنیا کی کشش عارضی اور سراب جیسی ہوتی ہے لیکن اس کی قیمت حقیقی رشتوں کو چکانی پڑتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جوڑے باہمی رابطے کو مضبوط کریں اور آن لائن دنیا کی حدیں طے کریں تاکہ خاندانی نظام کو اس نئے فتنے سے محفوظ رکھا جا سکے اور زندگی خوشگوارگذر سکے۔