میہڑ: قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے میہڑ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کے حقوق کی پاسبانی کا عزم ظاہر کیا اور خبردار کیا کہ سندھ کی جغرافیائی اور آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اییاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ سندھ کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور اس دھرتی کے باسی اپنی زمین ، ثقافت اور وسائل کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبے میں انتظامی تقسیم کے نام پر کسی بھی قسم کے منفی ہتھکنڈوں کو عوام مسترد کرتے ہیں اور صوبے کی موجودہ جغرافیائی حدود سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے والے عناصر اب صوبے کے تشخص کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ قومی عوامی تحریک اور سندھ کے باشعور عوام اس قسم کے تمام عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے۔ صوبائی خودمختاری اور آئینی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد ہر صورت جاری رکھی جائے گی۔
قومی عوامی تحریک کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سندھ کے کسانوں ، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں سے اپیل کی کہ وہ سندھ کی بقا اور اس کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔