غزہ: فلسطین کے محصور علاقے میں ہونے والی غزہ میں شدید بارشیں نے اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کی زندگی کو مزید اجیرن بنا دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث غزہ کی پناہ گاہوں اور عارضی خیمہ بستیوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو چکا ہے ، جس کی وجہ سے سینکڑوں خیمے پانی میں بہہ گئے اور متاثرین کا بچا کچا سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے غزہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں بالخصوص خان یونس ، دیر البلح اور المواصی میں قائم خیمہ بستیوں کو جھیل میں بدل دیا ہے۔ شدید سردی اور مسلسل بارش کی وجہ سے عارضی خیموں میں مقیم بچوں ، خواتین اور بزرگوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہو چکی ہے۔ متاثرین کے پاس سردی اور پانی سے بچنے کے لیے نہ تو مناسب کپڑے ہیں اور نہ ہی کوئی خشک جگہ بچی ہے۔
غزہ کے متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں شدید بارشیں ان کے لیے کسی نئی آفت سے کم نہیں ثابت ہو رہیں۔ اسرائیلی بمباری سے بچ کر خیموں میں پناہ لینے والے خاندان اب پانی اور کیچڑ کے سمندر میں محصور ہو چکے ہیں۔ پانی خیموں کے اندر داخل ہونے سے بستر ، خوراک اور ادویات سب تلف ہو چکی ہیں ، جبکہ معصوم بچے شدید ترین سردی میں کھلے آسمان تلے ٹھٹرنے پر مجبور ہیں۔
طبی ماہرین اور ریلیف ورکرز نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا پانی سیوریج کے پانی میں ملنے سے بیماریاں پھیلنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں پہلے ہی صحت کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے ، ایسی صورتحال میں حیضہ ، جلد کی بیماریاں اور سانس کی تکالیف تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ سڑکیں اور گلی کوچے پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے امدادی گاڑیوں کو بھی نقل و حرکت میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں خیموں کی شدید قلت ہے اور موجودہ خیمے کپڑے یا معمولی پلاسٹک کے بنے ہوئے ہیں جو بارش اور تیز ہواؤں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ غزہ کی مسلسل ناکہ بندی کی وجہ سے خیمے ، ترپالیں اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی میں سخت رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں ، جس سے انسانی بحران سنگین ترین شکل اختیار کر چکا ہے۔
فلسطینی حکام اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے عالمی برادری سے فوری طور پر امدادی اقدامات کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر غزہ کے بے گھر افراد کو فوری طور پر موسم سرما کی مناسب پناہ گاہیں ، گرم کپڑے اور ادویات فراہم نہ کی گئیں تو شدید سردی اور بارانی آفت کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔