اے آئی وائس ماڈل

اے آئی وائس ماڈل ‘ووف’ بغیر انٹرنیٹ کے باآسانی کام کرنے کے قابل

اسلام آباد: جدید مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایک ابھرتے ہوئے اے آئی اسٹارٹ اپ ‘انڈر ڈاگ’ نے انقلابی اے آئی وائس ماڈل ‘ووف’ (Woof) متعارف کرا دیا ہے۔ یہ نیا ٹیکسٹ ٹو اسپیچ ماڈل سائز میں انتہائی چھوٹا اور محض 32 میگا بائٹ کا ہے، لیکن اس کی افادیت اور کارکردگی انتہائی شاندار بتائی جا رہی ہے۔

تکنیکی ماہرین کے مطابق اس نئے ماڈل کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا بغیر انٹرنیٹ یعنی آف لائن موڈ میں مکمل طور پر کام کرنا ہے۔ عام طور پر جدید مصنوعی ذہانت کے سسٹمز کو کام کرنے کے لیے کلاؤڈ سرورز اور تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکشن کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم ووف کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ کسی بھی ڈیوائس پر مقامی پروسیسنگ کے ذریعے چل سکتا ہے۔

اس جدید اے آئی وائس ماڈل کی مدد سے صارفین کسی بھی تحریری متن کو انتہائی قدرتی اور روانہ آواز میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ انڈر ڈاگ کمپنی کے مطابق 32 ایم بی کا یہ چھوٹا ماڈل کم سے کم پروسیسنگ پاور اور ریم استعمال کرتا ہے، جس کے باعث اسے عام اسمارٹ فونز، گاڑیوں کے سسٹمز اور دیگر آلات میں باآسانی شامل کیا جا سکتا ہے۔

عالمی ٹیکنالوجی انڈسٹری میں اس پیش رفت کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ صوتی ٹیکنالوجی کو کلاؤڈ کے انحصار سے آزاد کرتی ہے۔ اس اقدام سے صارفین کی پرائیویسی اور ڈیٹا سیکیورٹی بھی برقرار رہے گی کیونکہ ان کی معلومات کو کسی بیرونی سرور پر بھیجنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انڈر ڈاگ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اے آئی وائس ماڈل ووف کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت کو عام لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ کارآمد اور سستا بنانا ہے۔ کمپنی کا عزم ہے کہ آنے والے دنوں میں اس ماڈل میں مزید عالمی زبانوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ بغیر انٹرنیٹ کے دنیا بھر میں صوتی سروسز کو عام کیا جا سکے۔