تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں حالیہ طوفانی مون سون بارشوں نے نظامِ زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جہاں مسلسل بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی بدترین سیلابی صورتحال تاحال برقرار ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، شہر کے بیشتر اہم علاقے زیر آب آ چکے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ موسلاادھار بارشوں کے باعث بنکاک کی مرکزی شاہراہیں اور تجارتی مراکز ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ پانی کی سطح اتنی بلند ہو چکی ہے کہ گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن بن گئی ہے اور شہریوں نے مجبوری کے عالم میں سڑکوں پر کشتیاں اور چھوٹی ناؤ استعمال کرنا شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی سخت ہدایت کی ہے جبکہ نشیب میں واقع علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب، عالمی سطح پر موسمیاتی تبدییوں کے اثرات کے باعث دنیا بھر کے بڑے شہروں میں اس طرح کے شدید موسمیاتی مظاہر میں اضافہ دیکھنے می آ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے معمولی بارشیں بھی ہنگامی صورتحال اختیار کر لیتی ہیں