کوئٹہ:سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھڑ پھینکنے کے لیے جاری عزمِ کے تحت بلوچستان میں “آپریشن ردالفتنہ 3” بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اسمگلنگ، غیر قانونی سرگرمیوں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کیے جانے والے اس طوفانی آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کا مظاہره کرتے ہوئے کارروائیاں کی ہیں، جن کے نتیجے میں ریاست مخالف عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ذرائع کے مطابق، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے ان آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے کم از کم 11 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارود سے بھری جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہیں، جو صوبے میں بڑی تباہی پھیلانے کے لیے استعمال کی جانی تھیں۔
عسکری تجزیہ کاروں نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی اس بڑی کامیابی کو ملک دشمن عناصر کے منہ پر زور دار طمانچہ قرار دیا ہے۔ وفاقی حکومت اور عزمِ استقام کے حامل عسکری اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آپریشن ردالفتنہ 3 اس وقت تک پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا جب تک پائیدار امن و امان قائم نہیں ہو جاتا۔