وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے اور فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ملک بھر میں نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگیا، جس پر شہریوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔عوام کا کہنا ہے کہ جنگ کہیں اور ہورہی ہے لیکن مہنگائی کا بوجھ یہاں کے عوام برداشت کر رہے ہیں، حکومت مسلسل عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے۔شہریوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ کے کرائے اور روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگی ہوجاتی ہیں۔ کاروبار پہلے ہی تباہ حالی کا شکار ہے جبکہ روزگار کے مواقع بھی محدود ہیں، ایسے میں عام آدمی کیا کمائے اور کیا کھائے؟شہریوں کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو مہنگائی اور عوام کی مشکلات کا اس وقت تک احساس نہیں ہوگا جب تک انہیں اپنی جیب سے پیٹرول خریدنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔عوام نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ہڑتالیں اور دھرنے جاری ہیں اور پیٹرول سستا کرنے کے مطالبات کیے جارہے ہیں، لیکن اس کے باوجود قیمتیں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ رہی ہیں۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔