کندھرا کے قریب پولیس اہلکار شہید، مقدمہ درج

کندھرا کے قریب فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار گل محمد تنیو کی شہادت اور اے ایس آئی بخت اللہ تنیو کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تھانہ کندھرا میں طالب حسین سولنگی کی مدعیت میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ مسلح افراد نے مشکوک حالت میں کھڑے ہو کر پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار گل محمد تنیو موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ اے ایس آئی بخت اللہ تنیو شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان شہید اہلکار کی سرکاری ایس ایم جی رائفل، دو میگزین اور تقریباً 200 گولیاں بھی لے کر فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔