امریکا میں شدید برفانی طوفان ہلاکتیں 70 سے تجاوز مزید سردی کی لہر کی پیش گوئی

امریکا میں حالیہ برفانی طوفان اور شدید سرد موسم کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 70 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ملک کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور مزید طوفان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے آنے والے طوفان کے بعد ملک کے بڑے حصے شدید برف باری اور منجمد کر دینے والی سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ مختلف حادثات کے نتیجے میں کم از کم 73 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں ٹیکساس میں برف پر پھسل کر پانی میں گرنے والے تین بچے بھی شامل ہیں۔بدھ تک تقریباً 6 کروڑ 90 لاکھ افراد انتہائی سرد موسم سے متاثر رہے جبکہ شمال مشرقی علاقوں میں یہ صورتحال آئندہ ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شکاگو، کلیولینڈ، نیویارک، نیش وِل اور ڈیلاس سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت شدید منفی سطح تک محسوس کیا گیا۔سرد موسم کے باعث ٹینیسی اور مسیسیپی میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا اور سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار رہیں۔ماہرین موسمیات کے مطابق مشرقی کینیڈا میں بننے والا کم دباؤ کا نظام قطبی ہوا کو امریکا کے شمال مشرقی اور وسطی علاقوں کی طرف دھکیل رہا ہے، جس کے باعث آئندہ دنوں میں مزید شدید سردی اور ممکنہ برف باری متوقع ہے۔نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ جمعہ سے پیر تک درجنوں مقامات پر ریکارڈ کم ترین درجہ حرارت ریکارڈ ہو سکتا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے