طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل بارش برفباری اور سیلاب کا خطرہ این ڈی ایم اے کا الرٹ

بارش برسانے والا طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا ہے جو آج شام سے 24 جنوری تک ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کرے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے زیرِ اثر بالائی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری جبکہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف حصوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے سوات، چترال، بونیر، شانگلہ، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور مردان میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فیڈرل فلڈ کمیشن نے صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام کے لیے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ سوات، چترال، دیر، بونیر اور شانگلہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حساس مقامات کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔مری اور گلیات سمیت گردونواح میں بھی آج شام سے بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں اور جنوبی حصوں میں 22 اور 23 جنوری کو ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔