پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے وفاقی حکومت کی جانب سے قانون سازی کے معاملات پر اعتماد میں نہ لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ ایوان میں پیش کی جانے والی کسی بھی قانون سازی کی حمایت مشاورت سے مشروط ہوگی۔ پیپلزپارٹی حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے اور مجوزہ قوانین پر پیشگی بریفنگ دی جائے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ بغیر مشاورت قانون سازی کی صورت میں حکومت کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔پیپلزپارٹی کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ اسپیشل اکنامک زونز آرڈیننس سمیت دیگر اہم قوانین پر حکومتی سطح پر مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔ہ پیپلزپارٹی ان قوانین پر اپنی تجاویز بھی حکومت کو فراہم کرے گی۔ قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بڑے پیمانے پر قانون سازی متوقع ہے، جس پر پیپلزپارٹی تفصیلی بریفنگ کا مطالبہ کرے گی۔