سال 2025 پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے غیر معمولی طور پر مشکل ثابت ہوا، جس دوران متعدد افسوسناک اور دل دہلا دینے والے حادثات اور واقعات پیش آئے، جنہوں نے عوام کے ذہنوں پر گہرے نقوش چھوڑ دیے۔8 جولائی 2025 کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز سکس میں معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی 42 سالہ اداکارہ کی لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ان کی وفات اکتوبر 2024 میں ہوئی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کے امکان کو مسترد کیا کیونکہ فلیٹ اندر سے بند تھا اور زبردستی داخلے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ یہ واقعہ تنہائی اور معاشرتی بے حسی کی ایک دردناک تصویر بن کر سامنے آیا۔اسی سال 4 جولائی کو لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں 16 مرد، 9 خواتین اور 2 بچے شامل تھے۔ جاں بحق افراد کی اکثریت کا تعلق ہندو برادری سے تھا۔ اس سانحے نے نہ صرف انسانی جانوں کے ضیاع کا سوال اٹھایا بلکہ متاثرین کی بحالی اور ذمہ داران کے تعین پر بھی سوالیہ نشان چھوڑ دیا۔جنوری 2025 میں نارتھ کراچی سے لاپتہ ہونے والے سات سالہ بچے صارم کی لاش گیارہ دن بعد پانی کے ٹینک سے ملی۔ ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ سمجھا گیا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گلا گھونٹنے اور گردن کی ہڈی ٹوٹنے کے شواہد سامنے آئے، جس کے بعد یہ کیس ممکنہ قتل میں تبدیل ہو گیا اور پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔اسی طرح کورنگی مہران ٹاؤن میں 8 سالہ دلبر علی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کراچی میں 14 بچے مین ہول جبکہ 13 افراد کھلے نالوں میں گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جو سنگین انتظامی غفلت کا ثبوت ہےجون 2025 میں دریائے سوات میں سیلابی ریلے نے ایک ہی خاندان کے 18 سیاحوں کو بہا دیا۔ ڈیڑھ گھنٹے تک متاثرہ افراد مدد کے منتظر رہے مگر کوئی مؤثر ریسکیو نہ ہو سکا۔ یہ واقعہ پورے ملک کو سوگ میں مبتلا کر گیا۔اسی طرح کراچی کے علاقے نیپا چورنگی پر تین سالہ بچہ ماں کے سامنے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش 15 گھنٹے بعد نالے سے ملی۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آئی، مگر اس سنگین غفلت کے باوجود کوئی نمایاں کارروائی عمل میں نہ آ سکی یہ تمام واقعات سال 2025 کو ایک دردناک یاد کے طور پر ہمیشہ کے لیے رقم کر گئے، اور سوال چھوڑ گئے کہ کیا انسانی جانوں کی حفاظت ہماری ترجیح ہے؟