پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نااہلی کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انہیں سنے بغیر ڈی نوٹیفائی کر دیا، جو کہ آئین اور قانون کے منافی اقدام ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ: “انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد کی جانب سے شبلی فراز کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سینیٹر کی حیثیت سے انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیا۔” پی ٹی آئی رہنماؤں نے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق، درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ معاملے کو فوری سماعت کے لیے آج ہی عدالت میں مقرر کیا جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 9 مئی کے مقدمات میں عدالتی سزاؤں کی روشنی میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں، بشمول عمر ایوب اور شبلی فراز، کو نااہل قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔