خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانہ گمبیلا پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا جو کامیاب نہ ہوسکا، پولیس نے جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کردیا۔ پولیس کے مطابق 10 سے 12 دہشت گردوں نےمورچہ زن ہوکر لکی مروت تھانے پر حملے کی کوشش کی، دہشت گردوں کی نقل وحرکت بھانپ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی جس پردہشت گرد فرار ہوگئے۔ اس موقع پر پولیس کی نفری مکمل طور پر محفوظ رہی، آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقارحمید نے لکی مروت تھانے کے جوانوں کوخراج تحسین پیش کیا۔ آرپی او بنوں سجاد خان کی جانب سے بھی بروقت اور مؤثرکارروائی پر گمبیلا پولیس کے جوانوں کو شاباش دی گئی۔ حملے کے وقت دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس اہلکار مکمل طور پر الرٹ تھے، ان کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کوئی نقصان کیے بغیر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔