پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ، انڈیکس ایک لاکھ 33 ہزار کی حد عبور کرگیا

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے دن تیزی سے آغاز ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ اسٹاک ایکسچینچ نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار ایک لاکھ 33 ہزار کی سطح عبور کرلی۔ 1658 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس ایک لاکھ تینتیس ہزارچھ سوسات پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے پاکستان کی معیشت ایک نئے موڑ پرہے، امریکا سے جلد ایکسپورٹ ڈیل ہونے والی ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں، جس کی وجہ سے ملکی اور غیرملکی سرمایہ داروں میں اعتماد دیکھا جا رہا ہے۔ خیال رہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کا شاندار آغاز ہوا اور گزشتہ ہفتے ریکارڈ پر ریکارڈ قائم کیے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے میں سات ہزار پانچ سوسترپوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ اکتیس ہزارنو سو اننچاس پوائنٹس تک پہنچا۔ ہفتے بھر میں چار اعشاریہ آٹھ ارب شیئرز کا لین دین، دو سو چھ ارب روپے کا کاروبار، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں آٹھ سو سینتالیس ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد، آئی ایم ایف معاہدے کی امید، بجٹ اقدامات اور روپے کی بہتری کا نتیجہ ہے۔