تفصیلات کے مطابق غیرقانونی اور جعلی سمز کیخلاف پی ٹی اے کا کریک ڈاؤن جاری ہے، دستاویز میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے اب تک 1 لاکھ 63 ہزار 200 غیر قانونی موبائل سمز بلاک کر دیں جبکہ 64 لاکھ 30 ہزار غیر فعال سمز مستقل طور پر بند کر دی گئیں۔ دستاویز میں کہنا تھا کہ فوت شدگان کے شناختی کارڈ پر چلنے والی 29 لاکھ 89 ہزار 925 سمز، نئے اضلاع میں غیر متعلقہ خواتین کے نام پر رجسٹرڈ 1 لاکھ 71 سمز اور منسوخ ہونیوالے شناختی کارڈز پر 69 ہزار 246 سمز بلاک کی گئیں ہیں۔ پی ٹی اے دستاویز میں کہا گیا کہ 3 لاکھ 60 ہزار زائد المیعاد شناختی کارڈز پر 7 لاکھ 83 ہزار سمز بلاک ہوئیں۔ پی ٹی اے نے جعلی سمز کے خلاف سخت نگرانی اور کارروائی تیز کر دی اور ملک بھر میں 62 چھاپوں میں غیرقانونی سم کی فروخت میں ملوث 72 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ چھاپوں میں193غیرقانونی بائیومیٹرک ڈیوائسز اور 11 ہزار 470 سمز برآمد ہوئیں جبکہ جعلی بائیومیٹرک ڈیٹا کے 2 لاکھ 96 ہزار سے زائد ڈیجیٹل فنگرپرنٹس ضبط کرلیں۔ پی ٹی اے نے نیا ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم متعارف کرا دیا، ملک بھر میں 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد لائیو فنگر ڈیوائسز نصب کردی گئیں۔ غیر مجاز ریٹیلرز پر پابندی، صرف مستند سروس سینٹرز کو سم فروخت کی اجازت ہے تاہم دھوکہ دہی سے بچنے کیلئے نئی سم فروخت میں وقفے کا دورانیہ بڑھا دیا گیاہے۔
