تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں اس وقت ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جب ایک شخص گاڑی سے گر کر جاں بحق ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی گاڑی کے پچھلے حصے میں بیٹھا ہوا تھا، گرنے پر اس کی گردن ٹوٹ گئی اور وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تقریب سے واپسی پر بارات میں شامل کچھ افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی، جس پر پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا، زیر حراست شخص سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ دریں اثنا، سرجانی ٹاؤن میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، فائرنگ سے رکشے میں سوار ماں بیٹے زخمی ہوئے، رکشہ ڈرائیور نے بیان میں کہا زخمی ماں بیٹے اس کے پڑوسی اور لیاری کے رہائشی ہیں۔ رکشہ ڈرائیور کے مطابق دونوں نیو کراچی میں شادی کی تقریب سے گھر واپس جا رہے تھے، راستے میں ماں بیٹے نے کولڈ ڈرنگ لینے کے لیے رکشہ رکوایا، اچانک فائرنگ شروع ہو گئی، جس سے دونوں زخمی ہو گئے۔