پولیس حکام کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک ملزم مقابلے میں مارا گیا ہے، جس کی شناخت نوید کے نام ہوئی ہے، ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم نوید بھتہ خوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، اور اس کا شمار ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کے کارندوں میں ہوتا تھا، ملزم سے برآمد شدہ اسلحہ فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیو کراچی سیکٹر فائیو بی تھری میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزم گرفتار کر لیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں میں زخمی زاہد کھوسو، امام ڈینوں عرف جاوید گنجا اور جاوید عرف موٹا شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزمان عادی جرائم پیشہ اور ماضی میں جیل بھی جا چکے ہیں۔ ملزمان نے چند روز قبل تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں نجی کمپنی کے ملازم سے 16 لاکھ روپے لوٹے تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ چکی ہے، ملزمان انتہائی مطلوب جرائم پیشہ ہیں، جن کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
