56

بجٹ پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ناگزیر ہے، ملاقات کی اجازت دی جائے، بیرسٹر سیف

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ بجٹ پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ناگزیرہے لہٰذا ملاقات کی اجازت دی جائے، عوام نے ہمیں عمران خان کے نظریے پر ووٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی قیادت کو عمران خان سے ملاقات سے روکنا بدنیتی کی بدترین مثال ہے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ملاقات سے روکنا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، ملاقات سے روک کر عدلیہ کے فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹیکس فری بجٹ دینے جا رہے ہیں، عمران خان کی ہدایت پر بجٹ میں عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے، اس میں صعنت، صحت، تعلیم، سیاحت اور ڈیجاٹلائزیشن کیلیے رقم مختص کی گئی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے پر کام کیلیے بھی رقم مختص کی گئی، اپ لفٹ کینالز منصوبہ بجٹ کا حصہ ہے جو پورے پاکستان کیلیے گیم چینجر ثابت ہوگا، 7 لاکھ بنجر زمین کو سیراب کیا جا سکے گا، بجٹ میں چھوٹے بڑے ڈیمز کیلیے رقوم مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسمیشن لائن پر کام جاری ہے جس سے بجلی صنعتکاروں کو آدھی قیمت پر فراہم کریں گے، عوام کو بلاسود قرضوں فراہم کر کے اپنا روزگار فراہم کیا جائے گا جبکہ صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی لگا کر اس کا معیار مزید بلند کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں