اب یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر ہے: شرجیل میمن

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نفرت اور تقسیم پر مبنی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، جو جمہوریت اور عوامی حقوق کے منافی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اب یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت کا رویہ تکبر پر مبنی ہے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، مقامی حکومتوں اور عوامی نمائندگی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے؟ کیا پنجاب میں عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کرنا جرم ہے؟ شرجیل میمن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ایک وفاقی جماعت ہے، صرف سندھ تک محدود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ جمہوریت، مقامی اداروں کو مضبوط بنانے اور اختیارات کے نچلی سطح تک منتقلی کی حمایت کرتی آئی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی ادارے غیر فعال ہیں اور وہاں نچلی سطح پر کوئی جوابدہی کا نظام موجود نہیں، جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاسی موجودگی قائم ہے، کارکن آج بھی گلیوں، محلوں میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور بلدیاتی نظام کی بحالی عوام کا آئینی حق ہے، جس کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔