41

ڈاکٹرعظمیٰ کیخلاف ایف آئی آر میں ’فروری کی 30 تاریخ‘ سے متعلق وضاحت

لاہور : محکمہ اینٹی کرپشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کے خلاف زمین کے انتقال میں مبینہ کرپشن سے متعلق ایف آئی آر میں ’فروری کی 30 تاریخ‘ کے حوالے سے وضاحت جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والے ریونیو ریکارڈ میں رقبہ 3061 کنال کے انتقال نمبر 24094 کی تاریخ مورخہ 30 فروری 2022ء درج ہے، اینٹی کرپشن ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل نہیں کر سکتا بلکہ ریکارڈ تیار کرنے میں ملزمان کی طرف سے جلد بازی میں غلط تاریخ درج ہوئی۔گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی ہمشیرہ کے خلاف ’30 فروری‘ 2022ء کی تاریخ کو زمین اپنے نام کرانے کا مقدمہ درج کیا ہے، اس سلسلے میں ایف آئی آر کی کاپی ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل انتظار حسین پنجھوتا نے لکھا کہ کبھی اتوار کے روز میجسٹریٹ اور اس کا پورا عملہ دفتر میں ٹی وی دیکھنے جاتا ہے اور اب فروری کی 30 تاریخ بھی اسی حکومت کے دور میں دیکھنے کو ملی ہے، عمران خان اور ان کی بہن پر اینٹی کرپشن الزمات کی سچائی کا اندازہ 30 فروری کو ہونے والے انتقال کی صورت میں ثابت ہے، پاکستان نے ایسی ترقی نہیں دیکھی تھی۔ادھر سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میری بہنوں کا تنگ کیا جا رہا ہے، ایک بہن کی بہو کے پاس پہنچ گئے کہ آپ کا نام جیو فینسنگ میں آیا ہے، ایک بہن کے بیٹے کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں اس کے باورچی کو پکڑ کر لے گئے، وہ واپس آیا تو 2 ہفتوں سے آئی سی یو میں ہے، ایک بہن کیخلاف اینٹی کرپشن متحرک ہے، میں نے بہنوں کو کہا بیرون ملک چلی جائیں لیکن انہوں نے انکار کر دیا، میں بھی کیسز کا سامنا کروں گا بیرون ملک نہیں جاوں گا کیوں کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا کوئی کرپشن نہیں کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں