لاہور ؛ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں سمیت مثبت سرگرمیوں میں اپنی توانائیوں کے بھرپور استعمال کے مواقع فراہم کرکے انہیں منفی پراپیگنڈے کے اثرات سے بچانا ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعظم سے معاونِ خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع اور باوقار روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے،نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے،حال ہی میں کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز کے افتتاح پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیتے دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کومثبت سرگرمیوں میں اپنی توانائیوں کے بھرپور استعمال کے مواقع فراہم کرکے انہیں منفی پراپیگنڈے کے اثرات سے بچانا ہے۔معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے وزیرِ اعظم کو یوتھ پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس شروع کئے گئے یوتھ پروگرام کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر کی پیشہ ورانہ تربیت دی جا چکی جبکہ 40 ہزار نوجوانوں کی مفت تربیت کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔مزید یہ کہ مجموعی طور پر کاروبار اور زراعت کیلئے نوجوانوں کو آسان شرائط پر 13.5 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ چند ماہ میں 16.5 ارب روپے کے مزید قرضے فراہم کئے جائیں گے۔وزیرِ اعظم نے یوتھ پروگرام پر پیش رفت کو سراہا۔
