کہوٹہ:سون گراری کے مقام پر بس کھائی میں گر گئی، 25 مسافر جاں بحق،متعدد زخمی

راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں بس گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 25 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ مثاترہ بس راولپنڈی سے راولاکوٹ جا رہی تھی کہ کہوٹہ کے علاقے سون گراری پل کے مقام پر حادثہ پیش آیا، حادثے میں 25 مسافر جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں، تاہم حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی پولیس حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 30 کے قریب مسافر سوار تھے، حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے تمام افراد کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے پولیس اور ریسکیو حکام کو حادثے کے مقام تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت میتوں اور زخمی کو بس سے نکال کر ہسپتال پہنچایا۔ ڈپٹی کمشنر سدھنوتی عمر فاروق نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں بچے خواتین اور مرد شامل ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ضلع سدہنوتی سے ہے دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہوٹہ کے قریب بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر دُکھ کا اظہار اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، انہوں نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نےجاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی کہوٹہ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔