پولیس افسر نے حاملہ خاتون کے پیٹ پر لات ماردی، بچی جاں بحق

فیروز والہ میں پولیس چوکی کوٹ عبدالمالک نے موبائل فون چوری کے الزام میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے چھاپے کے دوران حاملہ خاتون پر بہیمانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں 8ماہ کی بچی جاں بحق ہوگئی ورثا نے الزام عائد کیا کہ سب انسپکٹر ابرار نے چھاپے کے دوران حاملہ خاتون کے پیٹ پر زور دار لات ماری جس سے پیٹ میں موجود 8ماہ کی بچی دم توڑ گئی مذکورہ خاتون کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا ایمرجنسی آپریشن کرنا پڑا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خاتون کی حالت بھی تشویشناک ہے واقعے کے بعد پولیس چوکی کوٹ عبدالمالک کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد نے پولیس اہلکاروں کیخلاف شدید احتجاج کیا مشتعل افراد نے پولیس کے خلاف پلے کارڈ اٹھا کر شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر لاہور شیخو پورہ شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں بچی کے ورثاء کا کہنا ہے کہ تھانے میں درخواست دینے کے باوجود پولیس اپنے پیٹی بند بھائیوں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کررہی، انصاف فراہم کیا جائے۔