کراچی میں شدید گرمی کی لہر :شہر کے کچھ علاقوں میں بارش ہونے کی اطلاعات

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شدید گرمی کی لہر کے دوران شہر کے کچھ مضافاتی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ کراچی کے علاقوں گڈاب اور بحریہ ٹاؤن میں بارش ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں موسم کی صورتحال کے حوالے سے اپ ڈیٹ رکھنے والی ویب سائٹ ’پاک ویدر‘ کی ایک پوسٹ میں کیا گیا کہ کراچی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ ہی مضافات میں ’لوکل ڈیولپمنٹ‘ کے تحت گھن گرج کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کی شدت میں کچھ حد تک کمی آچکی ہے،کراچی شہر کے شمالی علاقوں میں بادلوں کی آمد ہو رہی ہے، اِن بادلوں کے زیر اثر کراچی کے کچھ مزید علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے یاد رہے کہ کراچی میں قیامت خیز گرمی کی لہر جاری ہے جس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، آج بھی صبح سے ہی شہر شدید گرمی رہی، دن کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ گیا لیکن گرمی کی شدت 52 ڈگری تک محسوس کی گئی، جب کہ ہیٹ ویو کی صورت حال مزید 3 دن تک برقرار رہنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو کراچی میں درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ رہا لیکن گرمی کی شدت 50 سے 52 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ شہر کے درجہ حرارت میں 3 دن بعد کمی کا امکان ہے، تاہم آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جس کی شدت 44 ڈگری تک محسوس کی جائے گی اور کراچی میں ہیٹ ویو کی صورتحال مزید 3 دن تک برقرار رہے گی۔