کراچی میں بھتہ خوری کا واقعہ، دکاندار کو 50 لاکھ روپے نہ دینے پر قتل کی دھمکیاں

کراچی میں بھتہ خوری کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک دکاندار کو لاکھوں روپے بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق فیروز آباد تھانے میں دکاندار سلمان رضا نے بدنام زمانہ بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ مدعی کے بیان کے مطابق اسے واٹس ایپ پر ملائیشیا کے نمبر سے پیغامات موصول ہوئے، جن میں بھیجنے والے نے خود کو صمد کاٹھیاواڑی ظاہر کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے دکاندار کو خوفزدہ کرنے کے لیے اس کی دکان کے اندر اور باہر کی تصاویر بھی ارسال کیں اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ کیس کی حساسیت کے پیش نظر تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ صدر کے حوالے کر دی گئی ہے تاکہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔