رائیونڈ میں مبینہ زہریلا شوارما، 7 سالہ بچی جاں بحق

لاہور (ویب ڈیسک): لاہور کے علاقے رائیونڈ میں مبینہ طور پر زہریلا شوارما کھانے سے 7 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، جبکہ اس کی والدہ اور بھائی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شوارما کھانے کے کچھ دیر بعد خاتون اور دونوں بچوں کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے نتیجے میں 7 سالہ بچی دم توڑ گئی جبکہ ماں اور بھائی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بچی کے والد نے اپنے بہنوئی شیر زمان پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے گھریلو ناراضگی کے باعث ان کی اہلیہ اور بچوں کو مبینہ طور پر زہریلا شوارما کھلایا۔

پولیس نے مقتولہ بچی کے والد کی مدعیت میں ملزم شیر زمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔