بھکر (ویب ڈیسک): بھکر کے نواحی علاقے بستی چانڈیہ میں زمین کے دیرینہ تنازع پر دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد میں باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جھگڑے میں شامل تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان گزشتہ ایک سال سے زمین کا تنازع چل رہا تھا، جبکہ گزشتہ روز بھی اسی معاملے پر تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی تھی جو آج خونی تصادم میں تبدیل ہو گئی۔
ڈی پی او بھکر کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرانزک ٹیم سرگودھا کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈی ایچ کیو اسپتال بھکر میں ممکنہ تصادم کے خدشے کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔