اسلام آباد (ویب ڈیسک): باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایران کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ تہران کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کیا جا سکے، جس کا مقصد نازک جنگ بندی برقرار رکھنا اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی اعلیٰ قیادت ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، اس سلسلے میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بنیادی مقصد کسی بھی ممکنہ کشیدگی کو روکنا اور جنگ بندی میں توسیع کو یقینی بنانا ہے۔ اسلام آباد دونوں فریقین کو براہ راست مذاکرات پر آمادہ کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے تاکہ طویل المدتی استحکام حاصل کیا جا سکے۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ پاکستان اپنی بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اسلام آباد ایران کے جواب کا انتظار کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے شرکت کی تصدیق ہوتے ہی پاکستان مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان مذاکرات، سہولت کاری اور میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ دوسری جانب بعض عالمی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ مذاکرات بدھ کی صبح ہوں گے، تاہم وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے منگل کی رات سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صورتحال کی وضاحت کی۔