اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی میں توسیع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تمام فریقین اس کی پاسداری کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں، جنہوں نے پاکستان کی درخواست کو خوش اسلوبی سے قبول کرتے ہوئے جنگ بندی میں توسیع کی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور اسٹیو وٹکوف کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے ان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی میں توسیع کا مقصد سفارتی عمل کو مزید آگے بڑھانا اور تنازعات کا مستقل حل تلاش کرنا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ فریقین جنگ بندی کی پاسداری کریں گے اور مذاکرات کے اگلے مرحلے میں ایک جامع امن معاہدے کو حتمی شکل دینے میں کامیابی حاصل ہوگی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ایرانی صدر ایران کے صدر، اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کو بھی ٹیگ کیا، جو پاکستان کی متوازن اور فعال سفارتکاری کی عکاسی کرتا ہے۔