اسلام آباد (ویب ڈیسک): امریکا ایران مذاکرات، جڑواں شہروں میں ہائی الرٹ سیکیورٹی نافذ
امریکا اور ایران کے درمیان متوقع دوسرے دور کے مذاکرات کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد و رفت جاری ہے، جس کے باعث جڑواں شہروں کو باقاعدہ سیکیورٹی زون قرار دے دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق غیر ملکی مہمانوں کی نقل و حرکت کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ دارالحکومت اور مخصوص راستوں کو بھی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے لیے 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر مشترکہ چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کاروباری مراکز کے اوقات کار بھی محدود کر دیے گئے ہیں۔
اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر ماہر اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں ایلیٹ فورس کا گشت جاری ہے۔
مزید نفری پنجاب کے مختلف اضلاع سے طلب کر کے تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔