ماڑی پور: گیمبلنگ پارٹی پر چھاپہ، لاکھوں روپے غبن کا الزام، معاملہ سنگین

ماڑی پور: ماڑی پور کے علاقے ٹرٹل بیچ کے ایک ہٹ میں گیمبلنگ پارٹی پر چھاپے کے دوران مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے 46 لاکھ روپے سے زائد رقم غبن کرنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اے آر وائی نیوز نے ملزمان سے ہونے والی برآمدگی کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔ چھاپے کے دوران گرفتار ملزم جاوید سے ایک موبائل فون، گھڑی اور ایک لاکھ 80 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی۔اسی طرح ملزم عادل عارف کے قبضے سے ایک موبائل فون، ایک بیگ جس میں 30 لاکھ 77 ہزار روپے نقد، 21 تولہ سونا، لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول اور ایک پرس جس میں 28 ہزار روپے موجود تھے، برآمد ہوئے۔دیگر ملزمان میں محمد اقبال سے موبائل فون، چابی اور 25 سے 30 ہزار روپے، محمد طاہر سے 49 ہزار روپے، جبکہ کامران یوسف سے 26 ہزار 500 روپے برآمد کیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ثاقب کے پاس سے ایک لاکھ روپے، ایاز احمد سے 22 سے 23 ہزار روپے، حمزہ سے 73 ہزار روپے اور عرفان سے 80 ہزار روپے نقدی کے علاوہ موبائل فون اور دیگر اشیاء بھی ملی ہیں۔تاہم ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ماڑی پور پولیس نے مقدمے میں صرف 2 لاکھ 55 ہزار 500 روپے کی برآمدگی ظاہر کی، جس کے بعد لاکھوں روپے کے مبینہ غبن کا معاملہ سامنے آ گیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ سچائی سامنے لانے کے لیے تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔