بھارت: دربھنگہ میں گیس سلنڈر دھماکہ، معصوم بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

دربھنگہ: بھارت کی ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ کے علاقے سندر پور میں گیس سلنڈر پھٹنے سے تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے طابق افسوسناک واقعہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن کی حدود میں ٹینو پیڈ کے قریب بیچن داس کے گھر میں پیش آیا، جہاں رات کے کھانے کی تیاری جاری تھی۔رپورٹس کے مطابق گیس سلنڈر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث زوردار دھماکہ ہوا۔ آگ کے شعلے تیزی سے پھیل گئے اور گھر کے مکین سنبھلنے کا موقع نہ پا سکے، جس کے نتیجے میں پورا گھر آگ کی لپیٹ میں آگیا۔حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں گووند داس، مسو کماری اور تین ماہ کا معصوم بچہ شامل ہیں، جو دورانِ علاج دم توڑ گئے۔کونسلر کے نمائندے نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں والدین اور ان کا کمسن بچہ شامل ہیں۔ وہ نئے کچن میں کھانا پکانے کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک یہ سانحہ پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، جبکہ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ اسٹیشن انچارج سدھر کمار کے مطابق بروقت کارروائی سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔ہولناک حادثے کے بعد سندر پور میں سوگ کا ماحول ہے، اور مقامی افراد بڑی تعداد میں متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کر رہے ہیں۔