لاہور کے علاقے جنوبی چھاؤنی میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں رشتہ دیکھنے کے بہانے دو سگی بہنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکیوں کی والدہ کے بیان پر مقدمہ درج کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک ملزم لڑکیوں کو اپنی فیملی سے ملوانے کے بہانے گھر سے لے گیا اور بعد ازاں انہیں ایک ہوٹل منتقل کیا گیا۔
ایف آئی آر میں ہوٹل کے مالک، منیجر اور دیگر افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مدعیہ کے مطابق ملزمان نے لڑکیوں کو ہراساں کیا اور انہیں دھمکیاں دے کر خاموش رہنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جا سکے۔