سندھ ہائیکورٹ کا کورنگی میں غیر قانونی فوڈ اسٹریٹ ختم کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی کے علاقے کورنگی میں سروس روڈ پر قائم غیر قانونی فوڈ اسٹریٹ کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دو ہفتوں کے اندر اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ کیس کی سماعت کے دوران وزارتِ بلدیات، ٹاؤن ناظم، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا تھا۔درخواست گزار کے وکیل حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سروس روڈ ٹریفک کی روانی کے لیے نہایت اہم ہوتا ہے اور اس کی قانونی حیثیت کو کسی صورت تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کے پاس سروس روڈ کو فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرنے کا کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔وکیل کے مطابق سروس روڈ پر تجاوزات کے باعث ٹریفک حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، جو عوامی مفاد کے خلاف ہےدوسری جانب ٹاؤن انتظامیہ نے اپنے تحریری جواب میں مؤقف اپنایا کہ فوڈ اسٹریٹ عوامی سہولت کے لیے قائم کی گئی تھی، جس میں 144 عارضی دکانیں اور اسٹالز موجود ہیں۔تاہم سندھ ہائیکورٹ نے سروس روڈ پر کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوڈ اسٹریٹ کو فوری ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔