وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں بسنت کے کامیاب اور محفوظ انعقاد پر اہل لاہور کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ “شاباش لاہور”، شہریوں نے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا کر حکومت کے اعتماد کی لاج رکھی ہے جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ اس سال “محفوظ بسنت” کا تصور پوری طرح کامیاب رہا، شہریوں نے روایتی کھابوں اور پتنگ بازی کا لطف بھی اٹھایا اور قواعد و ضوابط کی پاسداری بھی کی۔انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں ممنوعہ کیمیکل ڈور اور دھاتی تار کا استعمال نہ ہونے کے برابر رہا، جس کی وجہ سے نہ صرف جانی نقصان سے بچا گیا بلکہ بجلی کے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لبرٹی اور اندرون شہر سمیت تمام علاقوں میں 200 کلینک آن ویلز اور 21 فیلڈ اسپتال کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تعینات تھے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور کے اس کامیاب ماڈل کو اب پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ آج بسنت کا آخری دن ہے، اس لیے اختتام تک احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے۔