نادرا کی بڑی غلطی: زندہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری، وزیر داخلہ محسن نقوی کا فوری نوٹس

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کی جانب سے ایک شہری کی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر دستاویزات درست کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں 24 گھنٹے کھلے نادرا میگا سینٹر ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے شہریوں سے باری آنے کے وقت، درخواست کے پراسیس اور درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر متعدد شہریوں نے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول میں غیر ضروری تاخیر کی شکایات کیں، جس پر محسن نقوی نے مسئلے کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

اسی دوران ایک شہری نے شکایت کی کہ نادرا کی جانب سے اس کی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس پر وزیر داخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ درست کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح ایک خاتون نے شناختی کارڈ پر نام کی غلط اندراج کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے بغیر کسی اضافی فیس کے فوری اصلاح کا حکم دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کے دوران ہدایت کی کہ شہریوں کے کام مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں، عوام کو بار بار چکر لگوانے کے بجائے ایک ہی بار میں سہولت فراہم کی جائے اور مکمل رہنمائی دی جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ نادرا کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور شہریوں کو درپیش تاخیر کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا