گل پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کی شناخت کے عمل میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ سندھ فرانزک ڈی این اے لیب نے پہلی 12 باقیات کے نتائج جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر شناخت شدہ میتوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔انچارج شناخت پراجیکٹ عامر حسن کے مطابق لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے بجائے پروف آف پریزنس کے ذریعے کی گئی۔ 12 مزید میتیں بھی باقیات کی شکل میں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔ ڈی این اے سے شناخت کے مراحل مکمل ہونے کے بعد پروف آف پریزنس کے طریقہ کار پر عمل شروع کیا گیا۔لاشیں جن دکانوں یا مقامات سے برآمد ہوئیں، ان کی باقاعدہ انٹری کی گئی جبکہ موبائل فون لوکیشنز کے ذریعے بھی تعین کیا گیا کہ اٹھائے گئے اعضا کس فرد سے تعلق رکھتے ہیں۔شناخت ہونے والے افراد میں عمر نبیل، عائشہ، علی بن عمر نبیل، خضر علی، حیدر علی، عامر علی، ابوبکر، یاسین، صداقت اللہ، یوسف خان، نعمت اللہ اور عبداللہ شامل ہیں۔عامر حسن نے بتایا کہ جہاں ممکن ہو، ڈی این اے کے ذریعے بھی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم آخری آپشن کے طور پر پروف آف پریزنس کا طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔